ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار رنویر سنگھ کو بدنام زمانہ بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی سنگین دھمکی موصول ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ سے 10 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا گیا ہے، بصورتِ دیگر انہیں قتل کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ یہ دھمکی اداکار کے منیجر کو ایک امریکی نمبر سے وائس نوٹ کے ذریعے موصول ہوئی۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ فلم ‘دھریندر’ کی شاندار کامیابی کے بعد رنویر سنگھ کے لیے یہ نئی مشکل کھڑی ہو گئی ہے۔ ممبئی کرائم برانچ نے وائس نوٹ ملنے کے بعد معاملے کی ہنگامی بنیادوں پر انکوائری شروع کر دی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق کال کے ماخذ کا سراغ لگانے کے لیے امریکی اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی شک ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آواز بشنوئی گینگ کے خطرناک کارندے ہیری باکسر کی ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بشنوئی گینگ نے اس سے قبل بھی بالی ووڈ کی نامور شخصیات کو ہراساں کیا ہے۔ چند روز قبل ہدایت کار روہت شیٹی کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی بتایا جاتا ہے۔
رنویر سنگھ سے قبل سلمان خان بھی طویل عرصے سے اس گینگ کے نشانے پر رہے ہیں۔ اسی گروہ نے ماضی میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو بھی دن دہاڑے قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
بھارت میں بڑھتے ہوئے جرائم اور گینگسٹرز کی کارروائیوں نے بالی ووڈ ستاروں کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ کپل شرما کے ریسٹورنٹ پر حالیہ حملہ بھی اسی گینگ کی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس صورتحال کے بعد فلم انڈسٹری میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور فنکاروں کی حفاظت کے لیے مطالبات بڑھ رہے ہیں۔ پولیس نے احتیاطی طور پر اداکار کی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔
عوامی حلقوں میں اس بات پر تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر ملک کے بڑے سپر اسٹارز بھی محفوظ نہیں، تو عام آدمی کی جان و مال کا تحفظ کیسے ممکن ہو گا۔
پولیس حکام نے رنویر سنگھ اور ان کی فیملی کو نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ کرائم برانچ کی ٹیمیں مختلف پہلوؤں سے گینگ کے نیٹ ورک کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

